Mar Jayen Gay Par Karbobala Yaad Karen Gay

(نوحہ)
مرجائیں گے پر کرب و بلا یاد کریں گے
شبّیر ترے غم کو سدا یاد کریں گے

دنیا کے ہراک ملک میں ہر شہر میں باہم
شبّیر تجھے اہلِ عزا یاد کریں گے

روکے سے رکا ہے نہ رکے گا غمِ سرور
سُولی پہ بھی ہم اہلِ نوا یاد کریں گے

شاہوں کے بھی ناموں کو بھُلادیتی ہے دنیا
شبّیر تجھے صبح و مسا یاد کریں گے

رکنے کی نہیں ہے یہ عزاداریٔ شبّیر
زینب کی سدا آہ و بُکا یاد کریں گے

بچّی کا لپٹ کر سرِ میدان وہ رونا
وہ زخمی بدن سر سے جدا یاد کریں گے

زنداں میں سکینہ کی وہ پُر درد شہادت
ظالم نے جو کی جور و جفا یاد کریں گے

بخشش کے طلبگار ہیں جو لوگ جہاں میں 
روئیں گے ، سکینہ کی قضا یاد کریں گے

بہتا ہوا اصغر تری شہ رگ کا لہو بھی
ہئے تیر میں ننّھا سا گلا یاد کریں گے

منہ پھیر کے روتا رہا ظالم کا وہ لشکر
اصغر ترے ہنسنے کی ادا یاد کریں گے

وہ طوق ، وہ بیڑی وہ بندھے ہاتھ وہ گرمی
بیمار کو کیا کیا تھی سزا یاد کریں گے

مولا کہا آقا کہا اور جان لُٹادی
عبّاس تجھے اہلِ وفا یاد کریں گے

عشرت نہیں بھولیں گے غمِ سرورِ دیں کو
بے پردہ ہر اک سر کی ردا یاد کریں گے

شاعرِ اہلبیت جناب عشرت حسن رضوی بگرامی 


............Zeya Abbas Haideri............
YouTube Search On Zeya Jalalpuri
                           India 

Comments

Popular posts from this blog

Nana teri Zainab (sa) lut kay aa gai hai (Salam BiBi Zainab (sa)

Salam Bibi Fatima Zahra (sa) Batool Roti Hain

Nauha Alwida Alwida Aye Ghareeb Alwida